top of page

فارس رنگریزہ ہے (شفقت عاصمی)

  • Dec 26, 2019
  • 2 min read

اگر نظم میں تخلیقیت،تخئیل،لفظی مصوری اور غنائیت کے عناصر شامل نہ ہوں تو میری نظر میں وہ نظم نظم نہیں ہے۔نثری نظم یا آزاد نظم کا پودا ہمارے ہاں انگریزی ادب کی سر زمین سے آیا مشرقی زمین میں کاشت ہوااور خوب پھلا پھولا ۔ اس پودے کو میرا جی، ن۔م راشد، فیض احمد فیضاور مجید امجد نے اپنا خونِ جگر دے کر سینچا۔” سُرخ ہونٹوں کی کُنج گلی میں “کی نثری نظموں میں تخلیقی صنعت کاری،تفکر،تخئیل اور رنگ سازی کے خوبصورت رنگ جا بجا بکھرے ہوئے ہیں۔اردو غزل کا دامن تو ایمائی (suggestion) کی خصوصیت اور بلاغت سے بھرا ہوا ہے لیکن اب نظم بھی ایمائیت اور بلاغت سے خالی نہیں رہی۔فارس مغل درحقیقت رنگوں کا شاعر ہے۔جمالیاتی معنوں میں وہ رنگوں کو پہچانتا ہے۔ رنگوں کا تانا بانا ، بُنت ،کیفیت ،سطح اور لامسی تاثر (texture) کو سمجھتا ہے۔ رنگوں سے کھیلنے کا ہُنر جانتا ہے۔رنگوں کو برتنے کا فن اُس کی پوروں میں لہو بن کے دوڑتا ہے۔وہ رنگ شناس اورمزاج (treatment )نباض ہے ۔ رنگوں کے مزاج ، اثر ،کرب(creative agony) ،قرینے (context) ، قدر ( value) ،سوزو گداز،ساختیات ،تمثال اورسرد گرم تاثر کو بڑی اچھی طرح محسوس کرتاہے۔ناصرف محسوس کرتا ہے بلکہ اُسے لفظوں کے پیرہن میں یوں سجاتا ہے کہ رنگ اُس کے اشاروں پہ ناچنے لگتے ہیں۔ نظم میں مناسب وقفوں کے ساتھ لاشعوری طور پر ہم قافیہ الفاظ لانا ” ترصیع

“ (pararhyme) کہلاتا ہے۔اس سے کلام میں خوبصورت آہنگ پیدا ہوتا ہے۔جس سے جمال کی ایک خاص کیفیت سامنے آتی ہے۔فارس کی نثری نظموں کے کچھ نمونے دیکھئے۔ شام سمے جب ریشم کے کُھلتے تھان سی دھوپ مہک رہی تھی میں اور میری سیاہ آنکھوں والی محبوبہ...(دعوت) ۔۔۔ محبت تو ساون کی جنمی ہوئی ہے اس کی رگوں میں بارش کا لہو شامل ہے... (محبت کا ایک زاویہ) ۔۔۔ کون ہے یہ رنگریز ؟ جس کے دستِ ہنر نے رنگوں کو قوتِ گویائی دی یہ کس مشاق کی جادوئی اُنگلیوں نے کپاہ کے دھاگوں سے معجزہ آرائی کی... (اے بے خبر خریدارو) اگر آپ جمالیاتی رنگولی کھیلنا چاہتے ہیں تو فارس کی نظموں ”کسی کو دیکھ کر“ ، ”I am colour blind“ اور ”Abstract Art“ کے رنگوں میں ڈوب کے دیکھیں۔فارس ایک اچھا شاعر ہی نہیں بہت اچھا ناول نگار بھی ہے۔میں اُس کے بہت سارے ناول اور شعری مجموعے دیکھنا چاہتا ہوں۔ شفقت عاصمی

کوئٹہ


Comments


Featured Posts
Recent Posts
Archive
Search By Tags
Follow Us
  • Facebook Basic Square
  • Twitter Basic Square
  • Google+ Basic Square

​FOLLOW ME

© 2017 by Faris Mughal. Proudly created with Wix.com

bottom of page